کھٹمنڈو ، یکم، اگست (یو این آئی) نیپال میں اتفاق رائے سے وزیر اعظم منتخب کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد اب پارلیمنٹ یہ انتخاب بدھ کو اکثریت کی بنیاد پر کرے گی۔
نیپال کی صدر ودیا دیوی بھنڈاری نے ملک کی تین اہم سیاسی جماعتوں سے ملاقات کے بعد انہیں اتفاق رائے سے وزیر اعظم منتخب کرنے کو کہا تھا لیکن سابق وزیر اعظم کےپی شرما اولی کی پارٹی کمیونسٹ پارٹی
نیپال ( مارکسی-لینن) کے اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے کے بعد قومی حکومت کی تشکیل اور عام رائے سے وزیر اعظم منتخب کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔
صدر کی جانب سے عام رائے کے لئے مقرر وقت کی حد کل اتوار کو ختم ہو جانے کے بعد کمیونسٹ پارٹی نیپال (ماؤنواز-سینٹر) کے رہنما پشپ کمل دہل عرف پرچنڈ نے ان سے کہا کہ اب اتفاق رائے کے لئے ڈیڈ لائن میں توسیع کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔